نئی دہلی،6؍ اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس صدرراہل گاندھی نےالزام لگایا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ملک کی 1.3 ارب آبادی پرایک ’گھٹن بھری آڈیالوجی‘ تھوپنا چاہتی ہے، اس لئے اپوزیشن جماعتوں نے اسے اقتدارسے باہرکرنے کا فیصلہ کیا ہے اوروہ خود ملک کا وزیراعظم بننے کے لئے تیارہیں۔
راہل گاندھی نے جمعہ کو یہاں سولہویں ہندوستان ٹائمس لیڈرشپ سمٹ میں اہم صنعت کاروں، سفارت کاروں، سیاست دانوں اورمختلف شعبوں کے ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد کی حلیف جماعتیں انہیں وزیراعظم بنانا چاہیں گی، تووہ یہ ذمہ داری اٹھانے کے لئے تیارہیں۔
کانفرنس کے دوران سوال جواب کے سیشن میں ان سے پوچھا گیا تھا کہ کانگریس اقتدارمیں آتی ہے تو کیا وہ وزیراعظم بنیں گے؟ راہل گاندھی نے کہا کہ اتحاد کی حلیف جماعتیں اگریہ ذمہ داری سونپیں گی تو وہ ذمہ داری سنبھالنے کے لئے تیارہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے2019 کے لوک سبھا الیکشن میں پہلے متحد ہوکربی جے پی کوشکست دینے کا فیصلہ کیا ہے اوراس کے بعد ہی وزیراعظم کے عہدہ کے بارے میں غورکیا جائے گا۔
کانگریس صدرنے اس دوران بی جے پی حکومت پرسخت حملے کئے اورالزام لگایا کہ وہ ملک کی 1.3 ارب کی آبادی پر’گھٹن بھری آڈیالوجی‘ تھوپ رہی ہے ۔ اقتدار کے نشے میں چوران لوگوں کا دعوی ہے کہ علم پران کی ہی اجارہ داری ہے ۔ وہ لوگوں کی بات سننے کو بالکل تیارنہیں ہیں۔